وزیراعظم نوازشریف اور نریندر مودی کے درمیان نہ ہی کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی انہوں نے ہاتھ ملائے: اعزاز چودھری
نیویارک میں میڈیا کوبریفنگ دیتےہوئےسیکرٹری خارجہ اعزازچودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی نے ہاتھ ملائے نہیں محض ہلائے۔ اس بات کو ایشو نہ بنایا جائے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی کی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا معلوم نہیں پہلے کس نے ہاتھ ہلایا تاہم دونوں وزرائے اعظم کے دوران کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ دوسری طرف بھارت کی طرف سےسلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافہ کسی طرح جمہوری عمل نہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لئے کوئی اتفاق رائے نہیں ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے اوباما کی جانب سے دیئے گئے عشائیے اور بان کی مون کے ناشتے میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
پاکستان اور الجیریا نے اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ میں اصلاحات پر مشترکہ موقف اپنانے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی مصروفیات کی سائیڈ لائنز پر الجیریا کے وزیر خارجہ رامتنے لمارا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور الجیریا کے درمیان موجود تاریخی برادرانہ تعلقات میں وسعت لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور الجیریا کے مابین آئندہ مشترکہ بین الوزارتی اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے پر اتفاق رائے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے پس منظر میں علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر اقوم متحدہ اور اقوام متحدہ کی اصلاحات کے حوالے سے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خارجہ نے الجیریا کے وزیر خارجہ رامتنے لمارا کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔