پنجاب میں ڈینگی کے وارجاری، متاثرہ مریضوں کی تعداد 3554 ہوگئی
لاہور: پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ڈینگی کے وار جاری، مرِیضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 196 نئے مریض سامنے آئے، جس کے بعد رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 5 سو 54 ہو گئی ہے۔ وزارتِ صحت نے عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کے مطابق رواں برس ڈینگی کے 3 ہزار 5 سو 54 مریض سامنے آئے جن میں سے 2 ہزار 8 سو 21 مریض واپس گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی کے 213 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 690 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، ڈینگی کے حوالے سے صوبہ پنجاب 3554 کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔رواں سیزن میں کے پی کے میں 3412 ڈینگی کیسز سامنے آ چکے ہیں، سندھ میں ڈینگی کے 2904 کیسز سامنے آئے، بلوچستان 2681، اسلام آباد میں 2777 ڈینگی کیس سامنے آئے، آزاد کشمیر 373، قبائلی اضلاع میں 312 جب کہ گلگت بلتستان میں ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔