کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا جہاد ہے:وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا اور یکجہتی کرنا جہاد ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا جہاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعائیں کرنے پر بشری بیگم اور قوم کا شکر گزار ہوں،قوم نے دعا کی کہ مشکل وقت میں کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کر سکیں گے،ہم نے مشکل وقت میں کشمیریوں کا مقدمہ اقوام متحدہ کے سامنے رکھ سکیں،بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ برے وقت میں مایوس نہیں ہونا چاہیے ،کشمیری جد و جہد کر رہے ہیں،انشاءاللہ وہ آزادی جیتیں گے،ہر فورم پر فاشسٹ مودی حکومت کو بے نقاب کریں گے ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 7 روز کا دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے ،جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں اور کابینہ ارکان سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا۔اعظم سواتی ریلی کی صورت میں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے جبکہ پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی،بابر اعوان، مراد سعید،وزیر ریلوے شیخ رشید،وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور شیخ راشد شفیق بھی ائیر پورٹ پر استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔