کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا مقصد حاصل کرلیں گے،وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ نریندر مودی کی فسطائی اور مسلمان دشمن حکومت کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے بعد وطن واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑی تعداد میں جمع ہونے والے لوگوں سے خطاب کررہے تھے جو اپنے محبو ب رہنما کے استقبال کیلئے آئے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا اور وہ بہت جلد بھارت سے آزادی کا مقصد حاصل کرلیں گے۔انہوں نے پاکستانی عوام سے کہا کہ وہ بھارتی جارحیت کے خلاف برسر پیکار کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت میں ثابت قدم رہیں۔عمران خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے وہاں اسی لاکھ لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ کسی بھی جدوجہد میں اتار چڑھائو آتے رہتے ہیں لیکن انہیں مایوسی نہیں ہونا چاہیے۔ریڈیو پاکستان کے رپورٹر جاوید اقبال نے بتایا ہے کہ کابینہ اور پارلیمنٹ کے ارکان ' سیاسی کارکنوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادہوائی اڈے پر اور ہوائی اڈے کے احاطے کے باہر موجود تھے۔وطن واپسی پر خوش آمدید وزیراعظم عمران خان ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ وزیراعظم نے اپنے نیو یارک کے دورے میں کئی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کو بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال سے آگاہ کیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انہوں نے دنیا کی توجہ کشمیریوں کی حالت زار کی جانب دلائی اور اقوام متحدہ سیکہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں پچاس روز سے زائد عرصے سے عائد غیرانسانی کرفیوکے خاتمے کیلئے بھارت پر دباو ڈالے۔وزیراعظم عمران خان نے ائیرپورٹ پر اپنی تقریر میں اقوام متحدہ میں کشمیر کے معاملے کو کامیابی سے پیش کرنے کے لئے قوم کی دعائوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا اور دنیا کشمیری عوام کے ساتھ ہو یا نہ ہو پاکستان اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔کرفیو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے لوگوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے اور آزادی حاصل کریں گے۔