عمران خان جیسے رہنما لوگوں کے دلوں اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اطلاعات اور نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے رہنما لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیںگے۔انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کے اتوار کی سہ پہر اسلام آباد ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔معاون خصوصی نے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد وزیراعظم عمران خان کو جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اجاگر اور عالمی برادری کو اسلام مخالف پراپیگنڈہ سے آگاہ کرنے کے حوالے سے ان کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہوائی اڈے پر جمع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کا اپنے محبوب رہنما کا شاندار استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عالمی فورم پر وزیراعظم کی تقریر سے انتہائی خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیریوں سمیت دنیا بھرکے مظلوم لوگوں کی نمائندگی کی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے د نیا میں اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کیا . انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نے ناموس رسالتۖ کے نام پر سیاست کرنے کی کوشش کی۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مجوزہ آزادی مارچ کا نام لیے بغیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس جماعت کو کشمیریوں کی آزادی کیلئے کام کرنا چاہیے۔