شہباز شریف کی اہلیہ اوربیٹی کے وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
لاہور : احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت ہوئی ،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔حمزہ شہباز کو کورونا کے باعث پیش نہیں کیا گیا جبکہ جویریہ کو حاضری لگوانے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی، سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سلمان شہباز کے لندن میں گھر کے باہر وارنٹ گرفتاری چسپاں کر دئیے تھے۔ فارن آفس کی جانب سے سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق رپورٹ پیش نہیں کی گٸی۔