افغان تنازع حل ہونے کے بعد معاشی ترقی میں حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی، معاشی ترقی میں بھی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، وزیر اعظم چیئرمین افغان کونسل برائے قومی مفاہمت عبداللہ عبداللہ سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے منگل کو ان سے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاوس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، خوشی ہے عالمی برادری نے ہمارے اس موقف کو تسلیم کیاہے، عالمی برادری نے افغانستان کا امن عمل آسان بنانے میں پاکستان کامثبت کردار بھی تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا، طالبان کا امن معاہدہ امن کی کوششوں کیلیے اہم قدم تھا، امید ہے افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی، امیدہے افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کیلئے تعمیری انداز میں کام کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی کیلئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہوئے اتفاق کی حمایت کرے گا.عمران خان نے کہا کہ پاک افغان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان افغان راہداری تجارت کی سہولت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، افغانستان سے تجارت، معاشی، عوامی تعلقات مزیدمضبوط بنائیں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ وہ صدر اشرف غنی کی دعوت پر دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔