جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلعے جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 4 کمانڈروں سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ ٹھکانوں پر دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی۔بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 4 کمانڈروں سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے، وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ 'ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد آئی ای ڈیز (امپروائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز) کی تنصیب، کارروائیاں کرنے اور معصوم شہریوں کو ہدف بنا کر قتل کرنے میں متحرک تھے'۔