یورپی یونین نے بریگزٹ کے اثرات سے نمٹنے کے لئے 5 ارب یورو کی منظوری دے دی

یورپی یونین کی کونسل نے رکن ممالک پر بریگزٹ کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد دینے کے لئے5 ارب یورو کا فنڈ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فنڈ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کے نتیجے میں براہ راست سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں، شعبوں اور کمیونٹیز کو اضافی اخراجات پورے کرنے، نقصانات کی تلافی یا دیگر منفی معاشی و معاشرتی اثرات کا مقابلہ کرنے میں مدد کرے گا۔کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فنڈ سرکاری اور نجی کاروباری اداروں کی مدد کے لئے استعمال کیا جائے گا جنہیں کسٹم چیکس اور انتظامی طریقہ کار کے نئے اخراجات سمیت تجارتی آمدورفت میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کی وجہ سے کیونکہ غیرمعمولی صورت حال پیدا ہوئی ہے ,فنڈ سے رکن ممالک کو مختلف منفی نتائج کا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین اقدامات اٹھانے میں آسانی ملے گی۔