امریکی سینیٹ میں فوجی قیادت سے جواب طلبی
امریکی وزیر دفاع اور عسکری قیادت نے تسلیم کیا ہے کہ افغانستان میں بہت کچھ ایسا ہوا جو ہمارے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا۔گیارہ روز کے اندرافغان آرمی اور حکومت جس طرح منہدم ہوئی وہ ناقابل یقین ہے۔واشنگٹن میں سینیٹ کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملی نے افغانستان سے فوجی انخلا کے فیصلے کو درست قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ فوجی انخلا اس طرح سےممکن نہ ہو سکا جیسے ہم چاہتے تھے۔کمیٹی میں ری پبلکن اور ڈیمو کریٹ پارٹی کے ارکان نے افغانستان میں طالبان کی واپسی کے حوالےسے تند وتیز سوالات کئے۔وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اس اندیشے کو مسترد کیا جس میں کمیٹی نے افغانستان سے پسپائی کے بعدامریکی اتحاد کے کمزور ہونے کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اتحادی ممالک امریکہ پر پہلے ہی کی طرح اعتماد اور اعتبار کرتے ہیں۔اور افغان جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ سفارتکاری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔