آپ انٹرنیشنل صادق و امین ہوگئے؛ مریم کی شہباز شریف کو مبارکباد

اسلام آباد: برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں کلین چیٹ ملنے پر مریم نواز نے اپنے چچا اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو دلچسپ انداز میں مبارک باد دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ برطانیہ سے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور ان کے خاندان کو بریت ملنے پر پاکستان میں سیاسی پارہ عروج پر ہے۔ جہاں مسلم لیگ نون اس کو اپنی بڑی فتح قرار دے رہی ہے تو وہیں کچھ حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ بریت صرف سلمان شہباز کو ملی ہے۔ایک دوسرے پر سیاسی جملے بازیوں کا سلسلہ جاری تھا کہ اس دوران شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرکے کیس اور عدالتی فیصلے کے مندرجات عوام کے سامنے رکھ دیئے۔