محمد زبیر ترجمان برقرار رہیں گے، میں اور نوازشریف سیاست کے لئے کافی ہیں، جس نے لڑنا ہے سیاسی طور پر لڑے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی ویڈیو ان کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ میرے اور نواز شریف کے ترجمان برقرار رہیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ محمد زبیر کی ویڈیو ان کا ذاتی معاملہ ہے اور اس سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے .مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں اور نوازشریف سیاست کے لئے کافی ہیں، جس نے مجھ سے لڑنا ہے وہ سیاسی طور پر لڑے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ویڈیو سے پہلے محمد زبیر کی بیوی اور بچوں کو دھمکیاں ملتی رہیں جس کے ان کے پاس ثبوت بھی ہیں اور انہوں نے مجھے بھی اس بارے میں بتایا تھا لیکن کسی کی بھی غیر اخلاقی ویڈیو کا سامنے آنا نامناسب ہے کیونکہ یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ سمجھ رہے تھے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد محمد زبیر کو ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تو ایسی بات نہیں ہے، وہ اب بھی میرے اور نواز شریف کے ترجمان رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں سب کو انصاف ملے لیکن ادھر تین بار کے وزیر اعظم نواز شریف کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا، ہماری خواہش ہے کہ نوازشریف دسمبر سے پہلے وطن واپس آ جائیں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ چیئرمین نیب کا معاملہ آئین کے مطابق ہونا چاہیے اور اگر چیئرمین نیب کی توسیع کی گئی تو مسلم لیگ (ن) اپنے لائحہ عمل کا فیصلہ دے گی کیونکہ آئین کے اندر توسیع ممکن نہیں ہے۔