سارہ قتل کیس: مرکزی ملزم شاہنواز امیر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع کردی۔سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز عامر کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر آج ان کو سول جج محمد عامرعزیز کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزم اور مقتولہ سارہ انعام کے خاندان کے وکلا پیش نہ ہو سکے۔سماعت شروع ہوتے ہی پراسیکیوٹر نے عدالت سے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 دن توسیع کی استدعا کی۔پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ’ملزم کو مقتولہ سارہ انعام کی طرف سے حاصل ہونے والے پیسوں سے متعلق مزید تفتیش کرنی ہے‘۔اس دوران عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کو پولیس تحویل میں کتنے دن رکھا گیا ہے، جس پر سرکاری افسر نے جواب دیا کہ ملزم 5 دنوں سے پولیس کی تحویل میں ہے۔بعدازاں، عدالت نے ملزم شاہنواز امیر کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کردی۔شاہنواز امیر کو گزشتہ ہفتے اپنی کینیڈا کی شہریت رکھنے والی اہلیہ سارہ انعام کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔سارہ انعام کے قتل کا واقعہ اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن میں شاہنواز عامر کے فارم ہاؤس میں پیش آیا تھا جہاں ملزم کے ساتھ ان کی والدہ ثمینہ شاہ بھی رہائش پذیر تھیں۔