اسلام آباد میں موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مارنے والے امریکی سفارتکار کو ابتدائی بیان اور میڈیکل ٹیسٹ کے بعد رہا کردیا گیا
اسلام آباد میں گزشتہ رات موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مارنے والے امریکی سفارتی اہلکارچاڈ ریکس آسبرن کوابتدائی بیان اور میڈیکل ٹیسٹ کروانے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ غلطی موٹرسائیکل سواروں کی تھی۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار نزاکت اعوان اور وسیم معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ دوسری جانب امریکی سفارتی اہلکار کو چھڑانے کیلئے آنیوالے امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر تیمور پیرزادہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ چیف سیکیورٹی افسر نے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کو دھکے دیئے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ چیف سیکیورٹی افسر کیخلاف درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے گاڑی اور ڈرائیور کو موقع سے فرار کرانے کی کو شش کی۔ مقدمہ میں کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے حال ہی میں امریکی سفارتی اہلکار کرنل جوزف ایمانوئل کی گاڑی نے بھی دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا جس سے ایک نوجوان زخمی جبکہ دوسرا دم توڑ گیا تھا۔