وفاقی کابینہ کارمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات صبح 10بجے سے شام 4بجے تک مقرر کرنے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات صبح دس بجے سے شام چار بجے تک مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ روزمرہ کام کاحرج کئے بغیر عوام کو ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس کے بعد اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون فردوس عاشق اعوان نے آبی وسائل کے وزیر فیصل واوڈا کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے رمضان پیکیج تیار کرنے کی غرض سے ایک خصوصی کمیٹی کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔اس کے علاوہ کمیٹی رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولت کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کو پنجاب میں مجوزہ بلدیاتی نظام کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا گیا ہے جو اس سے پہلے خیبرپختونخوا میں بھی کامیابی سے نافذ کیا جاچکا ہے۔