جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا، حکام نے وبا پر کنٹرول میں اہم سنگ میل قرار دے دیا
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے صرف چار کیسز سامنے آئے۔ یہ تمام افراد بیرون ملک سے آئے تھے اور ان کی آمد کے فوری بعد ان کی نشاندہی کرلی گئی تھی۔ جنوبی کوریا جو کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، کے حکام نے گذشتہ روز مقامی طور پر کسی بھی فرد میں کورنا وائرس منتقل ہونے کا کوئی کیس سامنے نہ آنے کو اس وبا پر کنٹرول میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے سلسلہ میں کئے گئے لاک ڈاﺅن میں گذشتہ ہفتے نرمی کی تھی جس کے بعد قومی تعطیل کے موقع پر دارالحکومت سیول کے پارکوں میں لوگ موسم سے لطف اندوز ہوتے دیکھے گئے ہیں۔