فضائیہ ہائوسنگ سکیم سے متعلق کیس: سندھ ہائیکورٹ نے نیب سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔

سندھ ہائیکورٹ نے فضائیہ ہائوسنگ سکیم سے متعلق کیس میں نیب سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں فضائیہ ہائوسنگ سکیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب)سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر سمیت متاثرین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس منظوری کے لیے اسلام آباد نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا ہے، چند روز میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔گرفتار ملزمان کے وکیل نے کہا کہ فریقین کے درمیان معاملہ سیٹل ہو سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ سیٹلمنٹ کو فی الوقت چھوڑ دیں، نیب کو اپنا کام کرنے دیں، اگر کسی نے سیٹلمنٹ کرنی ہے تو پلی بارگین کا آپشن موجود ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فضائیہ ہائوسنگ کے نام پر 850 سے زائد افراد کو پلاٹس اور فلیٹ الاٹ کیے گئے تھے، اب پتا چلا ہے کہ اس سکیم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ ایس بی سی اے نے اسکیم کو فراڈ قرار دیا ہے،کچھ افراد نے 90 فیصد ادائیگی کی اور کچھ نے 70 فیصد ادائیگی کی۔عدالتِ عالیہ نے نیب سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔