وزیراعظم کالوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے جامع سوچ وضع کرنے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور انہیں غربت سے نکالنے کےلئے ایک جامع سوچ وضع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آج (جمعرات) اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ ترقی اور خود انحصاری کےلئےخود اعتمادی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقوام عالم میں باعزت مقام حاصل کرنے کےلئے علم پر مبنی معیشت، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب بڑھنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوروناوائرس کےبحران نے وینٹی لیٹرز اور دوسرے حفاظتی آلات کی مقامی سطح پر تیاری کا موقع فراہم کیا کیونکہ ہر چیز درآمد نہیں کی جاسکتی۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے ہسپتالوں اور طبی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اس کی تشکیل نو کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہسپتال اس وقت تک بہتر نہیں ہوسکتے جب تک وزرااور اشرافیہ علاج کےلئے وہاں نہیں جاتے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سرکاری شعبوں کے اداروں اور نجی شعبے کی جانب سے تیار کردہ مختلف طبی آلات کا معائنہ بھی کیا۔