2017 کے بعد ترک صدر کا پہلا سعودی عرب کا دورہ
ترک صدر رجب طیب اردگان سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر 2017 کے بعد پہلی بار سعودی عرب کے 2 روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ترک صدر سعودی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے، ترک صدر دورہ سعودی عرب کے دوران ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کریں گے۔ دوطرفہ تعلقات کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ میرا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کی ہماری مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم سیاست، دفاع، معیشت اور ثقافت سمیت ہر لحاظ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کی کوششیں کریں گے۔