عمران خان نے سہولت کاروں کے بغیر آج تک کوئی الیکشن نہیں جیتا: احسن اقبال
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی 2 حکومتیں کسی جذبے کے تحت ختم نہیں کی تھیں بلکہ سازش کے تحت اسمبلیاں تحلیل کیں اور انہوں نے خود جنرل باجوہ کے کہنے پر حکومتیں توڑنے کا اعتراف کیا، چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا 1997 سے آج تک قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک روز ہوتے ہیں، ایک مخصوص جماعت کے فیصلوں کو ملک پر مسلط نہ کیا جائے، الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو مدت پوری کرنی چاہیے، ملک میں کسی قسم کا آئینی یا جمہوری بحران نہیں ہے، صرف ایک شخص کی حمایت، ضد اور انا کا بحران ہے۔