بھارتی فضائیہ کے 4رافیل طیاروں کی گزشتہ رات مقبوضہ کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ ،پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی فورا نشاندہی کر لی۔ جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت مستعد کاروائی پر پاکستان ایئرفورس کے خوف کا شکار بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فوراواپس فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی طیاروں کی 29اور30اپریل کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ کے چار رافیل جنگی طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی تاہم وہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت بھارتی فضائیہ کی جانب سے اشتعال انگیز اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتی ہے۔جیسے ہی بھارتی رافیل طیارے فضا میں متحرک ہوئے پاکستانی طیاروں کی تیز اور موثر کارروائی نے بھارتی طیاروں کو ہکا بکا کر دیا اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی فضائی حدود کے اندر واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ پاکستان کی فضائیہ نے نہ صرف دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی بلکہ فوری حکمت عملی کے تحت اپنی فضائی برتری کا مظاہرہ بھی کیا۔سیکیورٹی ذرائع نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا پاکستانی افواج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللّٰہ تارڑ نے بتایا تھا کہ مستند انٹیلیجنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ عطا اللّٰہ تارڑ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ جنگ سے ہونے والے نقصانات کی ذمے داری بھارت پر ہو گی، بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھر جواب دیا جائے گا۔
بھارتی ایئر فورس کی رات گئے پاکستانی حدود کے قریب پٹرولنگ،پاک فضائیہ کی بروقت کاروائی، راہ فرار اختیار
Apr 30, 2025 | 12:44