امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے اور گرمی کا عالمی ریکارڈ قائم ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا، خاص طور پر پاکستان کے وسطی اور جنوبی حصے، اس ہفتے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ خطے میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل 2018 میں سندھ کے شہر نوابشاہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچا تھا، جو ایشیا کا گرم ترین دن قرار دیا گیا تھا۔ پنجاب میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی دوسری جانب پنجاب میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ موسمی تبدیلی بھی متوقع ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ترجمان کے مطابق 30 اپریل سے 4 مئی کے دوران مختلف اضلاع میں آندھی، گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جن علاقوں میں موسم کی شدت کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش اور آندھی کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان میں شدید گرمی کا خدشہ، عالمی ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان
Apr 30, 2025 | 15:02