الیکشن کمیشن آف پاکستان یکم ستمبر سے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ووٹ رجسٹریشن شروع کرے گا۔
بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کا حق رائے دہی استعمال کرنے کا دیرینہ خواب پورا گا۔ یکم تا پندرہ ستمبر تک تمام سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ رجسٹرڈ ہونے والے ووٹر سینتیس قومی وصوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو تارکین وطن آئندہ عام انتخابات میں بھی ووٹ دے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن اور نادرا کی سفارشات کی روشنی میں طریقہ کار طے کیا گیا جس کے تحت ووٹ رجسٹر یشن کے لئے قومی شناختی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانیز اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور مستند ای میل ایڈریس درکار ہوگا۔ رجسٹریشن کے خواہشمند افراد اپنے بارے میں تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر اوورسیز ووٹنگ سسٹم کے ذریعے اپنی تفصیلا ت دے کر اپنا اکائونٹ بنا سکتے ہیں۔ جس میں نام، ای میل ایڈریس اور دیگر معلومات شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن درخواست گزار کا تصدیق شدہ اکاؤنٹ دیئے گئے ای میل ایڈریس پر آگے بڑھائے گا جس کے لئے پاسپورٹ نمبر، ٹریکنگ شناخت، این آئی سی او پی نمبر مع تاریخ اجراء درکار ہوگی۔ اس کے بعد توثیق کے عمل میں ووٹر کی شناخت کے حوالے سے بے ترتیب سوالات کئے جائیں گے۔ کامیاب توثیق کے بعد تصدیق کا پیغام بھیجا جائے گا۔