سرکاری وسائل کا بیجا استعمال: سابق نگران وزیراعظم کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور ہائیکورٹ نے سابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے سوات کے نجی دورے کے لیے سرکاری اخراجات کے استعمال کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی اور فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سابق نگران وزیراعظم نے ریاستی ذمہ داری کی بجائے ذاتی امور کے لئے پروٹوکول استعمال کیا اور اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سابق نگران وزیراعظم نے اپنی آبائی رہائش گاہ سوات میں 22 گاڑیوں کا کانوائے استعمال کیا اور پروٹول کا استعمال کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پروٹوکول کے معاملے کا نوٹس لے اور اضافی اخراجات واپس لینے کا حکم دے۔