سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد نے برطرفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی
وفاقی کابینہ کی جانب سے عہدے سے برطرف کیے جانے والے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد نے برطرفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وزیراعظم، سیکرٹری خزانہ، کابینہ ڈویثرن، گورنر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ نہ قانون و ضوابط کی کبھی خلاف ورزی کی اور نہ ہی کوئی ڈیپارٹمنٹل انکوائری میرے خلاف زیرالتوا ہے جبکہ نہ کوئی چارج فریم ہوا اور نہ ہی کوئی شوکاز دیا گیا لہذا بغیرسنے برطرفی غیر قانونی ہے، 28اگست کے سیکریٹری خزانہ کے نوٹیفکیشن کو غیرقانونی قراردے کر کالعدم قراردیا جائے اور یکم جنوری 2019تک بطور نیشنل بنک صدر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔