وزیراعظم عمران خان کا کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گھروں سے باہر نکلنے پر قوم سے اظہار تشکر
وزیراعظم عمران خان نے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکلنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ٹویٹر پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ انہیں پاکستان کے عوام پر فخر ہے جنہوں نے آج گھروں سے باہر نکل کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں پیغام دیا کہ نریندر مودی کی ظالم فسطائی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے اور مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی نسل کشی کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دنیا کو یہ بھی بتا دیا ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہندو بالادستی کے نظریئے نے جس طرح نازی انداز میں بھارت پر اپنا اثرو رسوخ قائم کیا ہے اس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لئے خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔