حضرت امام حسینؑ کا پیغام جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہے: فیاض چوہان
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہے۔ یومِ عاشور کے حوالے سے پیغام میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے بتایا کہ اللّہ پاک کی مرضی میں اپنی مرضی کو ضم کر دینے کا نام ایمان ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے شروع ہونے والی قربانی کی روایت کو امام حسین علیہ السلام نے اوج تک پہنچایا۔ علامہ اقبال کا تصورِ خودی بھی اپنی مرضی کو مشیتِ ایزدی کے تابع کر کے خلیفہ ہونے کا حق ادا کرنا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام آفاقیت اور ابدیت کی خصوصیات کا حامل ہے۔ حسین ابنِ علی علیہ السلام کا پیغام نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر ذی شعور کے ضمیر کی ترجمانی کرتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ زمین پر اقتدار اللّہ تعالیٰ کی امانت ہے، اسکی حفاظت کرنا ہی امام حسین علیہ السلام کی پیروی ہے۔ روز ازل سے آج تک دنیا میں حسینیت، یزیدیت کے جبر و ستم کے خلاف سینہ سپر رہی ہے۔ آج ایک بار پھر مسلم امہ کو حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ اللّہ پاک ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔