پا ک فضائیہ کی جانب سے کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن کی تقسیم
کراچی میں ہونے والی بارشوں کی تباہی سے بے سروسامان خاندانوں کی امداد کے لیے پاک فضائیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں واقع پاک فضائیہ کی ائیر بیسز نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پاک فضائیہ کی جانب سے ان بیسز کے نواحی علاقوں کے ضرورت مند خاندانوں میں اشیائے خورونوش اورامدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔تقسیم کیے جانے والے راشن میں آٹا،چاول، دالیں،گھی اور چینی شامل ہیں۔پہلے مرحلے میں پی اے ایف بیس مسروراور پی اے ایف بیس فیصل کے نواح میں واقع مختلف پسماندہ اور نشیبی علاقوں میں ہزار سے زائد ضرورت مند خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔جن میں گریکس، مسرورکالونی، بدھنی گوٹھ، حاجی محمد گوٹھ، مشرف کالونی، بلال کالونی، شاہ فیصل کالونی، اور الفلاح سوسائٹی کے علاقے شامل ہیں۔