جدید ٹیکنالوجی سے سرویلنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے،عثمان بزدار
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے سرویلنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور جدید کیمروں کے ذریعے یوم عاشور کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کا معائنہ کیا۔عثمان بزدار کو مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ د ی گئی۔ سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کے لیے فول پروف انتظامات کیےگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں ،جدید ٹیکنالوجی سےسیکیورٹی کے لیے موثر اقدامات کیے،جدید ٹیکنالوجی سے سرویلنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری فورس چوکس ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر، اہلکار بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے پولیس،انتظامیہ کو سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے آخری شرکا کے پرامن منتشر ہونے تک اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں۔