پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو ہوگا ,صدر مملکت کا خطاب ہوگا, اپوزیشن کی طرف سے احتجاج کا خدشہ
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو ہوگا ,صدر ڈاکٹر عارف علوی کا خطاب ہوگا۔ اپوزیشن کی طرف سے احتجاج کا خدشہ ہے۔ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان ملاقات میں ہوا ہے ۔ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر برائے بین صوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی موجود تھیں۔ملاقات میں مجلس شوری پارلیمنٹ سے صدر مملکت کے خطاب، قانون سازی اور نئے پارلیمانی سال کے کلینڈر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلایا جائے گا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے پارلیمانی سال کا آغاز صدر مملکت کے خطاب سے ہو گا ۔ چوتھے پارلیمانی سال کا کلینڈر تیار کر لیا گیا ہے جسے ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔