پاکستان بڑی تباہی کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مون سون کی غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے 72 اضلاع میں 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، 20 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کو آرڈینیٹر جولیان ہارنیس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے الے افراد کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں جب کہ متاثرین سیلاب میں 25 ہزار فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے پیسے فراہم کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا فوکس فی الوقت متاثرین کو ریسکیو کرنے اور ان کی بحالی کے کاموں پر ہے لیکن جو صورتحال ہے اس میں سیلابی علاقوں سے پانی نکالنے میں ہی کئی ماہ لگ جائیں گے، حالت یہ ہے کہ متاثرین تک کھانا پہنچانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔