ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دے دیا
15 سال بعد پاکستان میں ایشیا کپ کا میلہ سج گیا ، ملتان میں ہونیوالے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہے وہ محض 14 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ،امام الحق اور آغا سلمان5،5 ، شاداب خان 4 رنز جبکہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد 109 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ قبل ازیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔