سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کی رپورٹ خصوصی عدالت کو موصول ہو گئی ہے
کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کے اہم اور مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کی رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ پولیس کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کا دفعہ فوجداری کے تحت 164 کا اعترافی بیان قلمبند ہو چکا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان کے بعد ملزم کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ رپورٹ میں پولیس کی جانب سے مقدمے کا ضمنی چالان جمع کرانے کے لئے عدالت سے کچھ وقت دیے جانے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے ملزم کو 12 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کا چالان بھی 12 جنوری تک طلب کر لیا۔ دوسری جانب اِسی عدالت میں معروف قوال امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان عاصم عرف کیپری اور اسحاق عرف بوبی کو فاضل جج کی رخصتی کے باعث پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔