بنگلادیش میں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ: پرتشدد واقعات میں 2 افراد ہلاک
ڈھاکا:بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے سخت سیکیورٹی میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے جب کہ پرتشدد واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ بنگلادیش عوامی لیگ کی شیخ حسینہ واجد چوتھی بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں جن کا بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی زیر قیادت قائم اتحاد سے سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ بنگلہ دیش کی 300 نشستوں پر مشتمل پارلیمان کے لیے 10 کروڑ سے زئد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں اور ووٹنگ کے لیے ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل 4 بجے تک جاری رہے گا، عام انتخابات کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے 6 لاکھ اہلکار تعینات ہیں۔