کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، بارود سےبھری موٹر سائیکل پکڑی گئی
کراچی پولیس نے آپریشن کر کے نیو ائیر نائٹ پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پی آئی بی سے بارود سے بھری موٹر سائیکل پکڑی گئی۔ 8 سے 10 کلو گرام بارود ٹینکی میں چھپایا گیا تھا جبکہ تین دستی بم بھی برآمد کر لیے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے پانچ مشتبہ افراد بھی گرفتار کر لیے۔دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے، کراچی پولیس کی خفیہ اطلاع پر پی آئی بی کالونی کرنال بستی میں بڑی کارروائی، نیو ائیر نائٹ پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ چھاپے کے دوران ملزموں نے پولیس پر دستی بموں سے حملہ کیا لیکن بم پھٹ نہ سکے پولیس نے اضافی نفری طلب کر کے علاقے کی ناکہ بندی کر دی، سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے بارود سے بھری موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق بائیک میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، حکام کا کہنا ہے کارروائی کے دوران تین دستی بم سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔