ملک بھر میں خشک سردی کی لہر برقرار
اسلام آباد: پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے تاہم آئندہ ہفتہ بارش کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں اتوار کی صبح کُہر نہ پڑنے کے سبب سردی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں مطلع صاف رہنے کے باوجود درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہو کر رہ گئی ہے۔ لاہور میں بھی مختلف مقامات پرہلکی دھند کے ڈیرے ہیں اور شہر کا درجہ حرارت کم سے کم تین ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔