ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا
خون جمادینے والی سردی میں گیس نایاب ہوگئی۔ کہیں طویل لوڈشیڈنگ، کہیں پریشرغائب ہے۔ تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ ہی راولپنڈی میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا، آریہ محلہ، مسلم کالونی، ٹیپو روڈ، کلمہ چوک دھمیال، بکرا منڈی، ڈھیری حسن آباد سمیت شہر کے بیشتر علاقے گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ شہری علاقوں سے پریشر کم ہونے کے ساتھ بعض علاقوں میں سرے سے غائب ہوگئی۔لاہور کے علاقے سبزہ زار، مرغزدار، ملتان چونگی، اسلام پورہ، اچھرہ، گلشن راوی، مصطفی ٹان، وحدت روڈ، یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹان، اعظم گارڈن، رانا ٹان سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی شدید متاثر رہی جبکہ جن علاقوں میں سوئی گیس آ رہی تھی وہاں گیس کا پریشر انتہائی کم رہا ۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ جس کی وجہ سے گیس کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے۔کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔ دو روز قبل کلی عالمو کے رہائشیوں نے گیس بندش کے خلاف ایئرپورٹ روڈ بلاک کرکے احتجاج بھی کیا تھا۔کراچی سمیت سندھ بھر میں گذشتہ روز صبح سات بجے کھلنے والے سی این جی اسٹیشنز بارہ گھنٹے کے بعد شام سات بجے پھربندہوگئے۔ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ صنعتکار بھی پریشان ہیں۔فیکٹریوں میں گیس کی بندش سے ہزاروں مزدور پریشان ہیں۔