پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے 31 دسمبر کو استعفوں کی ڈیڈ لائن کی توثیق کردی .بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے 31 دسمبر کو استعفوں کی ڈیڈ لائن کی توثیق کی ہے۔پی پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے اس فیصلے کی تائید کی ہے کہ تمام ارکان اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کے پاس جمع ہوں گے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے استعفوں کیلئے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کی بھی توثیق کی ہے۔ تاہم سی ای سی فیصلوں کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سامنے پیش کریں گے .انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم خود استعفیٰ دے کر گھر چلا جائے ورنہ ہم آپ کو گھر بھیج دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کو ہر فورم پر چیلنج کیا جائے۔ ہم حکومت کا پارلیمان میں مقابلہ کریں گے، حکومت کا سینیٹ الیکشن میں مقابلہ کیا جائے اور اگر پی ڈی ایم مل کر سینیٹ الیکشن میں حصہ لیتی ہے تو حکومت کو ہراسکتی ہے.انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ حکومت کی نااہلی کی سزاعوام بھگت رہے ہیں۔ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی اور بیروزگاری پاکستان میں ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے دن سے مردم شماری کیخلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ مردم شماری میں درست اعدادوشمار نہیں دکھائے گئے۔ ہر فورم پر حکومت کو چیلنج کریں گے۔ نااہل حکومت کو عدلیہ اور پارلیمان میں بھی چیلنج کرنا چاہیے۔انہوں نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری تک مستعفی ہوں، وزیراعظم خود چلے جائیں، ورنہ ہم بھیجیں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے خواجہ آصف کو گرفتار کرنے کی بھی مذمت کی۔