اسرائیل کی جانب سےنمازی رایدہ سعید پر 6 ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے پرپابندی

قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر سے تعلق رکھنے والی ایک سرکردہ سماجی اور مذہبی رہ نما اور مسجد اقصی کی نمازی رایدہ سعید پر چھ ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے پرپابندی عا ئد کی ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز رایدہ سعید کو اسرائیلی ملٹری پولیس نے مسجد اقصیٰ سے گرفتار کیا اور اسے پرانے بیت القدس شہر میں قائم ایک پولیس سینٹر منتقل کیا گیا۔ وہاں پر اسے ایک نوٹس تھمایا گیا جس میں کہا گیا کہ پولیس نے اس کی سرگرمیوں کے پیش نظر اس کی مسجد اقصیٰ میں داخلے پر چھ ماہ کی پابندی عائد کی ہے۔رایدہ سعید نے اسرائیلی حکام کی طرف سے اس پابندی کو مذہبی امور اور عبادت میں مداخلت کی شرمناک اور گھنائونی کوشش قرار دیتے ہوئے نوٹس مسترد کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اور دوسرے فلسطینیوںکو مسجد اقصیٰ میں آنے سے روکنا یہودی انتہا پسندوںکو قبلہ اول میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔