وزیر خزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا
ا سلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے 360 ارب روپے کا منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا جس کے خلاف ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس سپلیمینٹری بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ اس دوران ایوان میں اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ اپوزیشن نے احتجاجاً بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا تاہم اسی شور شرابے میں وزیر خزانہ نے فنانس سپلیمنٹری بل 2021ء سے پہلے ضمنی ایجنڈے کے تحت اسٹیٹ بینک کے حوالے سے بل پڑھ دیا۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے شگفتہ جمانی اور حکومتی رکن غزالہ سیفی میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔