سندھ ہائی کورٹ نے کراچی ٹارگٹ کلنگ کیس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ،آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور تھانوں کے انچارج سے جواب طلب کرلیا۔

ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس مقبول باقر اور جسٹس ثنار محمد شیخ کی عدالت میں ہوئی۔اقبال کاظمی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ پر از خود نوٹس کی سماعت کے بعد دی جانے والی گائیڈ لائن کے باجود صورتحال بہتر نہیں ہوسکی اور شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ چھ اکتوبرسے اکتیس دسمبر دوہزار گیارہ تک چھبیس وکلاء سمیت چارسودواوردوہزار بارہ کے پہلے مہینے میں مزید پانچ وکلاء کو قتل کیا جاچکا ہے۔درخواست پر عدالت عالیہ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ،ڈی جی رینجرز اورکراچی کےاٹھائیس تھانوں کے انچارج حضرات سے پندرہ فروری کو جواب طلب کرلیا ہے۔