مسلم لیگ نون نے انتخابات سے قبل چاروں صوبائی گورنرز کے بعد اہم عہدوں پر تعینات ستائیس افسروں کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق جن افسروں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ان میں چاروں ہوم سیکرٹریز، آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کے ساتھ ساتھ برطانیہ، امریکہ اور دیگر اہم ممالک میں تعینات سفیر بھی شامل ہیں۔نون لیگ کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں نادرا اور پیمرا کو براہ راست الیکشن کمیشن کے تابع کیا جائے جبکہ آئی بی اور ایف آئی اے کے ڈی جیز،سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی تبدیل کیا جائے۔نون لیگ نے تمام گورنرزاور وزرائے اعلی کے پرنسپل سیکرٹریز،چیئرمین نادرا، چیف کمشنر اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،وفاقی وصوبائی سیکرٹری اطلاعات،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن،وفاقی سیکرٹری خزانہ،سرکاری ٹیلی ویژن اور ریڈیوکے سربراہان اور سیکرٹری سیفران کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔