گوجرانوالہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر باپ اپنے چار بچوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔

صنعتی شہر گوجرانوالہ میں محنت کش تاج اپنے خستہ حال مکان میں سویا ہوا تھا کہ اچانک چھت گر گئی جس کے نتیجے میں باپ تاج، اُس کے بچے احد، فہد، نیہا، سحر اور اُس کی اہلیہ ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ ملبہ ہٹایا گیا تو اُس میں سے خاتون خانہ شدید زخمی حالت میں برآمد ہوئیں۔ باقی افراد جاں بحق ہو چکے تھے۔ میتوں اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق بچوں کی عمریں دو سے سات سال کے درمیان تھیں۔