نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو چھ رنز سے شکست دی،

ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی ٹیم کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں پر دو سو چھیاسی رنز بنا کر کینگروز کو دو سو ستاسی رنز کا ٹارگٹ دیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل بروم تہتر رنز بنا کر نمایاں رہے، دو سو ستاسی رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور ستاسٹھ رنز کے مجموعی اسکور پر چھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ساتویں نمبر پر آنے والے بیٹسمین مارکس سٹونس نے انتہائی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، انہوں نے جیمز فلکنر کے ساتھ ملکر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں اکیاسی رنز بنائے، دو سو چھبیس رنز پر نو وکٹیں گرنے کے باجود مارکس سٹونس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اورآخری وکٹ کی شراکت میں چون رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے تاہم جوش ہیزل وڈ بھی انکا ساتھ نہ دے سکے اور صفر پررن آؤٹ ہوگئے، یوں نیوزی لینڈ نے میچ چھ رنز سے جیت لیا، آسٹریلیا کے مارکس سٹونس کو گیارہ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے ایک سو چھیالیس رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، میچ میں فتح سے میزبان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔