امریکی ویزہ پابندی سے دہشتگردوں کا کچھ نہیں بگڑے گا۔ دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہوئے اور الزام بھی مسلمانوں پر لگایا جاتا ہے چودھری نثار
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ راولپنڈی کے بعد اسلام آباد میں بھی پاسپورٹ ایگزیکٹیو آفس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس بنائے جائیں گے جبکہ مارچ تک مزید چودہ پاسپورٹ ایگزیکٹیو آفس کام شروع کردیں گے۔ اس دوران چودھری نثار نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں ہماری حکومت نے کبھی کسی کو غائب کرنے کی ترغیب نہیں دی جبکہ تمام لاپتہ افراد خیریت سے اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔امریکی ویزہ پابندی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ویزہ دینے یا نہ دینے کے اقدام سے دہشتگردوں کا کچھ نہیں بگڑے گا جبکہ ویزوں پر پابندی سے دہشتگردی کے شکار عوام کو مشکلات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کا مقابلہ کرنے کیلئےعالمی سطح پراتحاد بنانا ہوگا لیکن اتحاد سے پہلے کچھ ممالک کو اسلام فوبیہ سے باہر آنا ہوگا۔ چند سو بھٹکے ہوئے لوگوں کےاقدامات کا الزام ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر نہیں لگانا چاہیئے۔دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہوئے۔سکیورٹی لیکس پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کو دی گئی ڈیڈ لائن سات فروری کوختم ہورہی ہے۔ جس کے بعد ہی کوئی واضح بات کرسکیں گے۔