چئیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا

چیئرمین نجکاری کمیشن اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے, اس بات کی تصدیق سندھ سے مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی نے کی۔ نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ محمد زبیر بہت جلد گورنر سندھ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی, دوسری جانب محمد زبیر پانامہ لیکس اور اس کیس پر حکومتی موقف پیش کرنے میں بھی پیش پیش رہے, انہوں نے کیس سے متعلق تحریک انصاف سمیت دیگر مخالف جماعتوں کے الزامات کا بھی جواب دیا, محمد زبیر کو اٹھارہ دسمبر دو ہزار تیرہ کو چیئرمین نجکاری کمیشن تعینات کیا گیا تھا جس سے پہلے وہ پانچ ماہ تک چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ کے طور پر ذمہ داریاں سر انجام دیتے رہے۔ اس سے قبل رواں برس گیارہ جنوری کو گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے, سعید الزماں صدیقی کی وفات کے بعد وفاقی حکومت نے نئے گورنر سندھ کی تعیناتی نہیں کی اور اب محمد زبیر کو عہدے کے لئے منتخب کرلیا گیا ہے