چینی قونصلیٹ حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار
کراچی میں چینی قونصلیٹ حملہ کیس کے مرکزی سہولت کار کو شارجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ڈی آئی جی محکمہ انسداد دہشتگردی عبداللہ شیخ کے مطابق چینی قونصلیٹ پر حملے کے وقت سہولت کار شہر میں موجود تھا۔ڈی آئی جی عبداللہ شیخ کے مطابق ملزم کوحملے کیلئے 9 لاکھ روپے ملے تھے، ملزم نے پانچوں ملزمان کو رقم فراہم کیں، ملزم کے رابطے بیرون ممالک سے بھی ہیں۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کو سی ٹی ڈی کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو صبح کے وقت کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا اور ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔کارروائی میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل عامر خان اور اے ایس آئی اشرف داؤد شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا تھا۔