ووہان میں صورت حال بہت گھمبیر ہے
چین میں پھنسے پاکستانی طالب علموں ملک واپسی کی راہ دیکھ رہے ہیں، طالب علم ندیم بھٹی اور ندیم عباس کا کہنا ہے کہ اس وقت ووہان میں صورت حال بہت گھمبیر ہے، دوسرے ممالک اپنے شہریوں کو لے جاچکے ہیں ہم یہاں پھنسے ہوئے ہیں ہمیں نکالا جائے۔ ندیم بھٹی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کمروں کو آئسولیٹ کردیا گیا، پورا شہر بند ہے، روڈ، ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈے، ٹیکسی سب بند ہیں، اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں، وائرس نے تباہی مچادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس روزانہ کی بنیاد پر بڑھتا جارہا ہے، ہزاروں لوگ شکار ہورہے ہیں، اس وقت ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طالب علم موجود ہیں، امریکا، ملائیشیا، آسٹریلیا، ترکی، بھارت ودیگر ملکوں نے اسپیشل پروازیں بھیجیں، ہمیں نکالنے کے لیے ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی مدد نہیں بھیجی گئی۔