پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے، کسی ملک نے ابھی تک باقاعدہ چین سے اپنے لوگ نہیں نکالے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 179 واں روز ہے، مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بدستور بندش کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے مربوط اقدامات کیے، پاکستانی سفارتخانہ چین میں موجود طلبا سے رابطے میں ہے۔ چین میں مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی بنا دی ہے، این آئی ایچ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کردی ہے جبکہ ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ارمچی ایئرپورٹ پر پرواز میں تاخیر کی وجہ سے پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، چینی حکام سے رابطہ کیا ہے کہ مذکورہ پاکستانیوں کا خیال رکھیں، چین میں تمام طلبا کی رجسٹریشن کو یقینی بنا رہے ہیں۔