شریف ڈاکٹرائن کا مطلب ہے لوٹ مار کرو اور بھاگ جاؤ : وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب

اسلام آباد : وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے شریف ڈاکٹرائن کا مطلب ہے لوٹ مار کرو اور بھاگ جاؤ۔فرخ حبیب نے کہا شہباز شریف نے دھیلے کی نہیں اربوں کی کرپشن کی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے انہیں سسلین مافیا کہا تھا۔ پاپڑ والے کے نام سے ٹی ٹیز آتی رہیں۔ مسرور انور نامی کیش بوائے پیسہ ملازمین کے اکاؤنٹس سے نکال کر شہباز شریف کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع کراتا رہا۔ اس پیسے کی بنک رسیدیں موجود ہیں۔ حساب لیں تو اداروں کو دھمکیاں دینے لگتے ہیں۔ کیس ایف آئی اے کی مرکزی عدالت میں چلا گیا ہے۔ حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا رانا ثنا اللہ نے ویسا ہی بیان دیا جیسا نہال ہاشمی اور دانیال عزیز نے دیا تھا۔ عدالت کو رانا ثنا اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستانی عدلیہ ان کے بیانات کو نظر انداز نہ کرے۔ عدلیہ آزاد ہے۔ پاکستان میں پہلی بار طاقتور قانون کے نیچے آ رہے ہیں۔
فرخ حبیب مزید بولے عوام کی تکالیف کا احساس ہے۔ لوگ مرضی کے اسپتال سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کرا سکتے ہیں۔ جونہی تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر کم ہوں گی اس کا ریلیف بھی عوام کو ملے گا۔